نئی دہلی 13/دسمبر (ایس او نیوز/ ایجنسی) ایک طرف نوٹ بندی سےعوام پریشان ہیں اور بینکوں کے باہر لمبی قطاروں میں کھڑے ہیں، دوسری طرف بالخصوص بی جے پی کے وزرائ اور اراکین اسمبلی ایک کے بعد ایک کروڑوں روپیوں کی نئی کرنسی کے ساتھ پکڑے جارہے ہیں، عوام کو پورا دن قطاروں میں کھڑے رہنے کی صورت میں اے ٹی ایم سے صرف دو ہزار کا ایک نوٹ ملتا ہے، مگر وہیں بی جے پی کے لیڈران سو اور پانچ سو کروڑ روپیوں کی شادیاں کرنے کی اطلاعا ت موصول ہورہی ہیں۔ ان سب کے درمیان اپنی مہم کو آگے بڑھاتے ہوئے کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نےآج منگل کو اُترپردیش کے دادری میں نوٹ بندی کو لے کر مودی حکومت پر شدید حملہ بولا۔ راہل نے سوال اٹھایا کہ بینکوں کی لائنوں میں کوئی بھی امیر آدمی کیوں نظر نہیں آتا؟ جبکہ کالا دھن کمانے والوں تک کروڑوں روپیوں کی نئی کرنسی پہنچ رہی ہےِ انہوں نے سوال کیا کہ آخر کس طرح چوروں تک کروڑوں روپیہ پہنچ رہا ہے؟
راہل گاندھی نے پوچھا کہ کیا آپ کو ایک بھی امیر آدمی لائن میں لگا ہوا دکھائی دے رہا ہے؟ لائن میں صرف غریب لوگ ہیں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کیش لیس معیشت چاہتے ہیں لیکن انہوں نے پورے ملک کو کیش لیس بنا دیا ہے۔ کسی کے پاس کیش نہیں ہے، پورا ملک رو رہا ہے۔ وزیر اعظم نے ملک کو لائن میں کھڑا کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 8 نومبر کو مودی جی نے ملک کے غریبوں سے جنگ شروع کر دی ہے، چوروں نے اپنا سارا پیسہ تبدیل کر دیا ہے، لیکن مودی نے عام لوگوں کو لائنوں میں کھڑا کر دیا ہے۔ غریب لائنوں میں کھڑے ہیں اور جو بھی چور 50-100 کروڑ روپے نکالنا چاہتا ہے وہ بینک کے پیچھے سے پیسے نکال رہا ہے۔ لوگ خوش نہیں ہیں۔ جب کیش لیس دنیا آئے گی تو کسان کو پتہ بھی نہیں لگے گا کہ 5 فیصدرقم براہ راست بڑے صنعت کاروں کی جیب میں چلی جائے گی۔
کانگریس نائب صدر نے کہا کہ 8 لاکھ کروڑ روپے ہندوستان کے سب سے بڑے صنعت کاروں نے بینکوں سے لیا ہوا ہے اور وہ پیسہ بینکوں کو نہیں لوٹایا جا رہا ہے۔ اس وجہ سے یہ بینک کسی کو قرض نہیں دے پا رہے ہیں۔ بینکوں کو بچانے کے لئے آپ کو لائنوں میں لگایا گیا ہے۔ راہل نے مودی پر حملہ بولتے ہوئے کہا، جیسے بادشاہ ہوتا ہے، جو صرف بولنا چاہتا ہے، ویسے ہی ہمارے وزیر اعظم ہیں، وہ بس بولنا چاہتے ہیں۔ یہ 50 دن میں ٹھیک نہیں ہو گا، اس کا نقصان ہندوستان کو سالوں کے لئے بھگتنا پڑے گا۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے راہول گاندھی نے موبائل اپلیکشن PayTM کے تعلق سے بھی اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا تھاکہ PayTM کا مطلب PayToModi ہے۔